گلشن نو ر سرجانی کے پلاٹس کی غیر قانونی لیز کا انکشاف
کراچی(علی عباس) بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ کچی آبادی کروڑوں روپے نذرانوں کے عوض اختیارات نہ ہونے کے باوجود ایک بار پھر سرجانی ٹائون میں واقع گلشن نور کے پلاٹوں کی لیز کرنے کے لئے سرگرم ہوگیا۔ ڈائریکٹر کچی آبادی نے غیر قانونی لیز کرنے کے لئے دو افسران کو تعینات کردیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ کچی آبادی ایم ایل او110 کے تحت کام کرتا ہے جس کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ کچی آبادیاں جو1997ء سے قبل کی ہیں ان کو ریگولرائز کرنا ہے لیکن محکمہ کچی آباد ی کے افسران اختیارات سے تجاوز کرکے گلشن نور کے بلاکA اورB کے پلاٹوں کی لیز دینے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈائریکٹر کچی آبادی کو گلشن نور ہی کا ٹاسک دے کر تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی محکمہ کچی آبادی کے سابقہ ڈائریکٹرز نے گلشن نور کے پلاٹوں کی لیز کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی اور اس وقت نیب اور اینٹی کرپشن میں کئی مقدمات کا سامنا کررہے ہیں واضح رہے کہ ڈائریکٹر کچی آبادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کوبھی اینٹی کرپشن میں کئی مقدمات کا سامنا ہے۔