سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا، ماوا کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیدیا
کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا، ماوا کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ٹھٹھہ، سجاول میں گٹکا، ماوا کی فروخت سے متعلق سماعت ہوئی۔ ڈی ایس پی سجاول نے بتایا کہ ٹھٹھہ اور سجاول میں گٹکا، ماوا کی فروخت مکمل بند ہوچکی ہے۔ گٹکا بنانے اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری ہے۔ پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 ماہ میں ٹھٹہ اور سجاول میں 93 مقدمات درج ہوئے، 2 فیکٹریاں بند کیں۔ پولیس افسر نے کہا کہ درخواستگزار کا مدعا علیہ کے ساتھ پلاٹ کا تنازع ہے۔ سیاسی جھگڑے کو گٹکا کا مسئلہ بنایا جارہا ہے۔ عدالت نے گٹکا، ماوا کی تیاری اور فروخت کیخلاف کریک ڈان جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پولیس رپورٹ پر وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔