فیروز والا: سانپ کے ڈسنے سے بیٹا جاں بحق ‘بھائی‘باپ کی حالت تشویشناک
فیروزوالا (نامہ نگار) ڈیرہ شریں والہ کے رہائشی محنت کش علی رضا کے گھر میں سانپ گھس آیا جس نے گھر والوں پر حملہ کرکے باپ علی رضا سمیت اسکے دو بیٹوں چار سالہ حرم علی اور چھ سالہ علی شیر کو ڈس لیا۔ سانپ کا زہر جسم میں تیزی سے سرائیت کرنے کے باعث چار سالہ حرم علی جاں بحق ہوگیا جبکہ اہل علاقہ نے سانپ کو مارنے کے بعد محنت کش علی رضا کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جبکہ اسکے چھ سالہ بیٹے علی شیر کو تشویشناک حالت کے تحت چلڈرن ہسپتال منتقل کردیا جہاں انکی حالت بدستور خطرے میں بیان کی گئی ہے۔