سابق دور میں کرپشن عروج پر رہی،ہم ترقی کلسفر دور دراز علاقوں تک لے گئے:عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اٹک کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کر لیا ہے اور اٹک کے ڈویلپمنٹ پیکیج کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ رواں مالی سال صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کیلئے 360ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلع کی ضروریات اور ترجیحات کا تعین کرکے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج بنائے ہیں۔ حکومت ترقی کے سفر کو دور دراز علاقوں تک لے کر گئی ہے۔ میں صوبے کے چھوٹے بڑے ہر شہر اور قصبے جا کر عوامی مسائل کا جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوں نے اٹک کی تحصیل جنڈ کے نواحی گاؤں بسال کو ماڈل ویلج بنانے‘ گورنمنٹ ڈگری کالج بسال کو خواجہ امیر احمد چشتیؒ سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میرا دوسرا گھر ہے۔ عثما ن بزدار نے بسال شریف میں صاحبزادہ امیر احمد کی والدہ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ بدعنوان عناصر کو صرف لوٹ مار سے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کی فکر ہے۔ کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیلا۔ سابق حکمرانوں کے دور میں کرپشن اپنے عروج پر رہی۔ سابق حکمرانوں نے ملک و قوم کی بجائے صرف ذاتی مفادات کو مقدم رکھا۔ سابق ادوار میں کرپشن نہ ہوتی تو ملک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ ماضی میں حکومتی خزانے کو بے دردی سے غلط منصوبوں پر ضائع کیا گیا۔ قوم بے لاگ احتساب کی حامی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ کرپٹ عناصر کے احتساب سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔ عثمان بزدار نے ہنجروال کے علاقے سے 4 لڑکیو ں کے اغوا‘ عارف والا کے علاقے سے 4 بہنوں کے لا پتہ ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور اور آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔