گورنر سے ملاقات، عمران کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نماز عیدالاضحیٰ گورنر ہاؤس میں ادا کی۔ عثمان بزدار اور چودھری محمد سرور نے سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے نماز عید کے بعد ملک کی ترقی خوشحالی و سالمیت کیلئے دعا کی۔ عثمان بزدار نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی۔ عثمان بزدار کی عید کے روز لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلکس ساندہ آمد صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا دورہ صوبہ بھر میں صفائی کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی سیکرٹری بلدیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ صفائی کے اچھے انتظامات پر متعلق اضلاع کے افسروں اور عملے کو انعام دیا جائیگا۔ خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہوگی۔ محکمہ بلدیات کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں۔ نئے بلدیاتی نظام سے عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے۔ بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔ عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں۔ عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں عیدالاضحیٰ پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلی نے کہا ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہے۔ ذاتی انا اور منافقت کو چھوڑ کر صرف ملک کا سوچنا ہے۔ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ افواہیں پھیلانے اور سازشیں کرنے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ گورنر نے کہا حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر اکٹھے ہیں۔ ہماری نیت اور سمت درست ہے۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے اور تیسرے روز بھی صفائی کا آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں تسلسل کے ساتھ گلیوں سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں اور بروقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بارش کے باعث لاہور کے بعض نشیبی علاقوں میں پانی کھڑام ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کلیم اللہ قریشی کو گرفتار کر لیا۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ پر فول پروف سیکورٹی انتظامات اور کرونا ایس اوپیز پر عملدآمد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ عید سکیورٹی کے انتظامات اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد تسلی بخش رہا ہے۔ پولیس شہدا ڈے پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ قوم آج ان عظیم ہیروز کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر پنجاب حکومت کی انسداد کرونا کی حکمت عملی کامیاب رہی بروقت سمارٹ لاک ڈاؤن سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی۔ پنجاب حکومت 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگر فورس ڈے بھرپور طریقے سے منائے گی۔ ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب بھر میں شجرکاری مہم کے تحت لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔ پورے صوبے میں 520 تقریبات منعقد ہوں گی 12 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ سیالکوٹ میں نیا جنگل بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ٹائیگر فورس کے نوجوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے رضاکار ہیں ۔