شجاعت کی زیر صدارت اجلاس‘ سیاسی معاملات پر ارکان اسمبلی‘ سینئر قیادت سے مشاورت کا فیصلہ
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور شافع حسین شریک ہوئے۔ اجلاس میں پارٹی کا سیاسی معاملات پر ارکان قومی اسمبلی کے بعد ارکان صوبائی اسمبلی اور پارٹی کی سینئر قیادت سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر قیادت اور رہنماؤں کی مشاورت سے حکمت عملی طے کرنے کے ساتھ ساتھ جلد اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں سپیکر چودھری پرویز الٰہی اور طارق بشیر چیمہ نے اہم امور پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔ جبکہ ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین اور حسین الٰہی نے پارٹی قیادت کو اہم معاملات پر تجاویز دیں۔ دریں اثنا چودھری شجاعت حسین نے پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق اور پنجاب میں اتحاد کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔