کیپٹل ہسپتال نے سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی
اسلا م آباد (وقائع نگار ) سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال نے سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران 226639 مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ کیا گیا جن میں سی ڈی اے کے ملازمین کے علاوہ پرائیویٹ افراد بھی شامل ہیں۔ سال بھر میں 46331پرائیویٹ افراد نے ہسپتال کی طبی سہولیات سے استفادہ کیا جبکہ 5835سی ڈی اے کے ملازمین کو ہسپتال میں داخل کر کے ان کا علاج کیا گیا اور 585پرائیویٹ افراد کوہسپتال میں داخل کر کے طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ سی ڈی اے ہسپتال میں سال بھر میں 184454مختلف اقسام کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2746پرائیویٹ افراد کے ٹیسٹ شامل ہیں۔سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں کل 1020 آپریشن کئے گئے جن میں 106پرائیویٹ افراد کے آپریشن بھی شامل ہیں۔ کیپٹل ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں کل 8410افراد نے استفادہ حاصل کیا جس میں 435پرائیویٹ افراد بھی شامل ہیں۔ ہسپتال کے دل کے عارضہ سے متعلقہ شعبے میں مریضوں کی تعداد 4660 جن میں سے 244 پرائیویٹ افراد نے طبی سہولیات حاصل کیں۔ Imaging Radiologyمیں کل 713جبکہ 382پرائیویٹ افراد، فزیوتھراپی کے شعبے میں کل 2506اور پرائیویٹ341کے علاوہ گردوں کی صفائی کے شعبے میں کل 1339اور ایک پرائیویٹ مریض کا علاج کیا گیا۔ 129 افراد کی انڈو سکوپی کی گئی جن میں تین پرائیویٹ افراد شامل ہیں۔ کیپٹل ہسپتال کے زچہ بچہ وارڈ میں 202بچوں کی پیدائش جبکہ پرائیویٹ افراد کے 14 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ اس طرح سال بھر میں 435907سی ڈی اے ملازمین جبکہ 51188پرائیویٹ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیپٹل ہسپتال میں کووڈ19- کے لیے نہ صرف آئسولیشن وارڈ ز مختص کی گئیں بلکہ اسی دوران کرونا کے 109 ٹیسٹ بھی کئے گئے جبکہ 1958افراد کی ویکسینیشن بھی کی گئی۔