ڈی پی اوز دفاتر میں ہفتہ وار کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں:آئی جی
لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ سنٹرل کرائم برانچ ڈکیتی ، کارو موٹر سائیکل چوری اور منشیات فروشی میں ملوث عادی اور پیشہ ور مجرمان کی کاروائیوں کا بغور تجزیہ کرتے ہوئے نہ صرف ان پوائنٹس کی نشاندہی کریںجہاں یہ گینگ زیادہ سرگرم ہیںبلکہ ان گینگز کے طریقہ واردات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متعلقہ ضلع کو انکی گرفتاری کا ٹاسک دیں ۔انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع کے ڈی پی از اور سر کل افسران اگلے ہفتے سے اپنے دفاتر میں کورونا ایس اوپیز کے مد نظر رکھتے ہوئے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کا باقاعدگی سے انعقاد شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی اور پبلک سروس ڈلیوری کو بہترسے بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثرا ستعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیرنے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ۔