قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی شرانگیزیوں کا مؤثر جواب دینے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر امور کشمیر بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی جبکہ بھارت کی جانب سےسویلین آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانے کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے موجودہ صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی شرانگیزیوں کا مؤثر جواب دینے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں معصوم شہریوں کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر کلسٹر بموں کے استعمال کا نوٹس لیا جائے۔