کراچی میں بجلی بحران اور کرنٹ لگنے کے واقعات،نیپرا کو مطلوبہ ڈیٹا فراہم کردیا گیا
کراچی( نوائے وقت نیوز)کراچی بجلی بحران اور کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتیں پرنیپرا کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔نیپرا کی 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم گذشتہ رات کراچی پہنچی تھی۔ ہفتے کی صبح نیپرا کی ٹیم کے الیکٹرک کے دفتر پہنچی جہاں متعلقہ حکام نے حالیہ بحران سے متعلق ڈیٹا نیپرا ٹیم کو فراہم کردیا۔نیپرا تحقیقاتی ٹیم دن بھر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گی اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کے ورثا سے بھی ملاقات کرے گی۔کراچی کے 3روزہ دورے کے بعد نیپرا کی ٹیم اپنی تحقیقاتی رپورٹ چیئرمین نیپرا کو دے گی۔تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈی جی انفورسمنٹ نادر کھوسو کررہے ہیں جبکہ ٹیم کو کے الیکٹرک حکام سے ڈیٹا لینے کے بعد زمینی حقائق کا جائزہ لینے کا ہدف دیا گیا ہے۔