عید الفطر کے ساتھ جشن آزادی کی تیاریاں بھی عروج پر
ملتان( خاتون رپورٹر) عید الفطر کے ساتھ جشن آزادی کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئیں‘ بازاروں میں سبز ہلالی پرچم‘ جھنڈیاں بیج‘ ہاتھوں کے کڑے اور چاند ستارے سے سجی ٹوپیاں پہنے بچے نوجوان جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ مذکورہ اشیاءکے لئے اضافی سٹالز سج چکے ہیں۔ جہاں دن بھر بچے نوجوان خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں۔ اندرون بوہڑ گیٹ میں جشن آزادی کی خریداری کے سلسلے میں آئے عدنان علی‘ محمد جمال اور محمد اسلم نے نوائے وقت کو بتایا ہم خوش ہیں کہ دونوں عیدیں قریب قریب آ رہی ہیں لہٰذا ہم جھنڈیوں سے گلی بازاروں کو سجائیں گے گھروں پر جھنڈے لہرائیں گے۔ آزادی کے روز جشن منائیں گے ہم آزادی کے روز دشمن بھارت پر واضح کریں گے کہ آزادی ہمارے بزرگوں نے حاصل کی ہم اس کی دل و جان سے قدر کرتے اور عید آزادی پر خوشیاں مناتے ہیں جو زندہ دل قوموں کا وطیرہ ہے۔