کراچی (کامرس رپورٹر) ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے جمعرات کے روز خیبر پی کے کے علاقے اسپن وام–1 ویل میں ہائیڈروکاربن کے مزید ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو نوٹس میں لکھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرستان بلاک میں کاوگارہ فارمیشن سے گیس اور کنڈینسیٹ کی دریافت ہوئی ہے۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ اس کنویں سے 23.85 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور تقریباً 122 بیرل یومیہ تیل کا بہاؤ دریافت ہوا ہے، اور اس کا ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 4,042 پی ایس آئی جی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنویں کی مکمل صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ادھر ٹی پی ایل پراپرٹیز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کورنگی کریک میں پانی کی تلاش کے لئے ٹیسٹ ویل کی کھدائی کے دوران گیس پاکٹ دریافت کیا ہے۔ صنعت کے ماہرین کی جانب سے ظاہر کردہ آزادانہ خیالات کی بنیاد پر یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ گیس کم بائیوجینک میتھین ہو سکتی ہے، جو قدرتی طور پر نامیاتی مادے کے سڑنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گیس ہے۔ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ یہ علاقہ قدرتی گیس کے ذخائر کا حصہ نہیں ہے اس لیے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گیس کی یہ پاکٹ قدرتی طور پر ختم ہونے کا امکان ہے بشرطیکہ آگ کو جلنے دیا جائے۔ دوسری طرف آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے سنجھورو بلاک میں واقع مشترکہ منصوبے چک 2-2 ویل سے پیداوار کی کامیاب بحالی کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتائی گئی۔ اس بلاک میں او جی ڈی سی ایل آپریٹر کے طور پر 62.5 فیصد ورکنگ انٹرسٹ رکھتا ہے، حکومت ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کا حصہ 22.5 فیصد ہے اور اورینٹ پٹرولیم انکارپوریشن (او پی آئی) کے پاس 15 فیصد حصہ ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے مزید بتایا کہ بیسال سینڈ فارمیشن میں سائیڈ ٹریک اور ری کمپلیشن کے بعد، تکمیل کے بعد کے ٹیسٹوں نے حوصلہ افزا نتائج دکھائے ہیں، جس میں یومیہ 115 بیرل تیل (بی پی ڈی) اور 7.0 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس کی پیداوار ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ یومیہ 21 میٹرک ٹن (ایم ٹن/ڈی) ایل پی جی بھی نکالی جارہی ہے۔
وزیرستان سے گیس، تیل کے مزید ذخائر دریافت، سنجھورو بلاک کی پیداوار بحال
Apr 04, 2025