کراچی، ( بزنس رپورٹر) : جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی جانب سے کراچی میں گزشتہ روز ٹیکنالوجی فار جسٹس فورم' منعقد کیا گیا۔ تقریب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے عدالتوں میں ٹیکنالوجی، فورنزک سائنس اور تحقیق پر انحصار پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان وکلا، جج، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور سرمایہ کار عدالتوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے منصوبوں پر کام کریں تاکہ مقدمات کے جلد فیصلے ہو سکیں اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنائی جا سکے۔ تقریب میں نظام انصاف کے نقائص دور کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار پر تین مذاکرے بھی شامل تھے۔انصاف تک رسائی میں ٹیکنالوجی کے کردار سے متعلق مختلف موضوعات پر معاون خصوصی برائے قانون وزیراعلی سندھ مرتضیٰ وہاب، آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر اور صدر سندھ ہائی کورٹ بار سابق جسٹس شہاب سرکی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران وکلا اور سائلین کو ملانے والی ایپلیکیشن وکیل آن لائن کا تعارف بھی کروایا گیا۔وکیل آن لائن کے شریک بانی اسفندیار قصوری نے اس فورم کو نظام انصاف میں ٹیکنالوجی کی شمولیت کے سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے بہترین موقع قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا، آج کراچی کی سول سوسائٹی، وکلاء ، سرکاری عہدیداران اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اپنے مشترکہ وڑن کا اظہار کیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ یقیناً اس کانفرنس سے ایک ڈیجیٹل لیگل پاکستان بنانے میں مدد ملے گی۔
وکیل آن لائن کا تعارف: نظام انصاف میں ٹیکنالوجی کی شمولیت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے بہترین موقع ہے : اسفندیار قصوری
Apr 04, 2022