رمضان میں صنعتوںکو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے:لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صنعت کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے کہا کہ اس سال انڈسٹری کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے کیونکہ ملک میں مختلف منصوبوں کی تکمیل کے بعدنیشنل گرڈ میں خاطر خواہ بجلی شامل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے برسوں میں رمضان المبارک کے دوران صنعتوں کو لوڈشیڈنگ کا بوجھ اٹھانا پڑا تھا کیونکہ حکومت کے پاس گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کے بعد بجلی کی قلت کا سامنا درپیش تھا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ اس سال متوقع گرم موسم اوربجلی کی زیادہ ڈیمانڈ کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو بجلی کی متواتر فراہمی یقینی بنانے کیلئے سسٹم میں موجود تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے پاس ٹرانسفارمر ، تاروں ، کھمبوں سمیت دیگر ضروری اشیاء کا کافی سٹاک موجود ہونا چاہیے ،تاکہ کسی بھی صورتحال پر فوری قابوپایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ ملک کے معاشی استحکام کیلئے امید کی کرن ہے اور کرونا کی تیسری لہر کے شدید حملے کی وجہ سے درپیش صورتحال نے اس کے کردار کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ صنعتی شعبے کو حکومت کی جانب سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی سمیت ہر طرح کے تعاون کی ضرورت ہے۔