راشن کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جائیگا،سیدقاسم نویدقمر
ٹنڈومحمدخان (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے دنیا کے 200 سے زائد ممالک متاثر ہوئے ہیں ، پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کی پابندی نہ کرنے کے باعث ہورہا ہے ، اگر عوام حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن پر عمل کرے تو کرونا کے مریضوں کی تعداد انتہائی کم ہوسکتی ہے اور ہم کرونا پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں ، حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو رلیف پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے ، پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ہمیں عوام کے مسائل کا اندازہ ہے بہت جلد عوام کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جائیگا ، انہوں نے کہاکہ مقامی سطح پر ہم نے عوام کو راشن دینے کا پروگرام ترتیب دیا ہے اور جلد 4 ہزار راشن کے بیگس عوا م کو ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں گے ، قرنطینہ سینٹر میں تبلیغی جماعت سے وابسطہ 100 سے زائد افراد کو رکھا گیا ہے اور ان کے کھانے پینے کی سہولتوں کو یقینی بنایا جارہا ہے ، سول اسپتال ٹنڈومحمدخان کو قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے ، جبکہ سول اسپتال کے دوسرے حصے میں جلد او پی ڈی شروع کر دی جائیگی ، انہوں نے کہاکہ ضلع ٹنڈومحمدخان میں 4 مریضوں میں کرونا پازیٹو پایا گیا ہے ، جن میں سے ایک مریض کا انتقال ہوگیا ہے جبکہ تین مریض زیر علاج ہیں ، ضلع ٹنڈومحمدخان کی عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، ضلعی انتظامیہ پولیس اور محکمہ صحت دن رات کام کررہا ہے ، انشااللہ جلد ضلع ٹنڈومحمدخان کو کرونا سے پاک کردیا جائیگا ، ٹنڈومحمدخان کی عوام لاک ڈاؤن کو کامیاب بنائیں اور اپنے گھروں میں رہیں تاکہ جلد از جلد کرونا وائرس کا خاتمہ ہو ، اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ، ایس ایس پی عابد بلوچ ، پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری خرم کریم سومرو ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ایم ایس سول اسپتال ودیگر بھی موجود تھے۔