ن لیگ کو دیوار سے لگانے والوں کی سازشیں ناکام ہونگی: سینیٹر نزہت صادق
ملتان (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و سینیٹر نزہت صادق نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے والوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ (ن) لیگ عام انتخابات میں ایک بار پھر بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی خواتین کارکن پارٹی کا ہراول دستہ ہیں۔ مزید ممبر سازی کیمپ لگائے جائیں گے رکن صوبائی اسمبلی سلطانہ شاہین کی پارٹی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سٹی صدر و رکن صوبائی اسمبلی سلطانہ شاہین کی قیادت میں وفد میں شامل خواتین کارکنان سیکرٹری انفارمیشن سہیلہ اقبال، فرزانہ کوثر، فریال چودھری سے پنجاب ہائوس میں کی گئی ملاقات میں کیا۔ نزہت صادق نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کل بھی قائد تھے اور آج بھی وہ ہمارے قائد ہیں جن کی قیادت پر پارٹی کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں قربانیاں دینے والی نظریاتی خواتین کارکنوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے گی۔ اس موقع پر سلطانہ شاہین نے پارٹی ورکرز خواتین کی عملی خدمات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔