’’کارپوریٹ گورننس میں میڈیا کا کردار‘‘ زکریا یونیورسٹی میں سیمینار کا اہتمام
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام ’’کارپوریٹ گورننس میں میڈیا کے کردار‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ڈائریکٹر آئی بی ایف پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے کی جبکہ گیسٹ سپیکرز میں سینئر صحافی شوکت اشفاق‘ رؤف مان اور فرحان ملغانی شامل تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے کہا کہ دنیا آج سمٹ کر گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن گورننس میں میڈیا کی بہت اہمیت ہے اور کسی بھی شعبہ میں میڈیا کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ سینئر صحافی شوکت اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی میڈیا کو مادر پدر آزادی حاصل نہیںاورکسی نہ کسی شکل میں کنٹرولڈ ہے۔ کچھ اخلاقیات ہوتی ہیں جن پر کاربند رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عالمی سطح پر دو حصوں وار میڈیا اور پیس میڈیا میں تقسیم ہے۔ ماضی میں عالمی طاقتوں اور انکے زیر اثر میڈیا نے عالمی طاقت روس کے خلاف جنگ کرنیوالوں کو مجاہدین قرار دیا اور یہی مجاہدین بعد میں جہاد کو دہشت گردی کیساتھ منسوب کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے۔ میڈیا کو اس مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ سینئر صحافی رؤف مان نے کہا کہ ملکی میڈیا نے گزشتہ چند سالوں میں ترقی کی ہے۔ کسی ملک کو بگاڑنے و بنانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ کمرشلزم نے میڈیا کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ سینئر صحافی فرحان ملغانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت حاصل ہے اس لئے میڈیا کو سب سے زیادہ اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھنا چاہیے۔ بریکنگ نیوز کی دوڑ میں صحافتی ضابطہ اخلاق کو بھی نظرانداز کر دیا جاتا ہے لہٰذا ذمہ دارانہ رپورٹنگ وقت کا اہم تقاضا ہے کیونکہ درست انفارمیشن کا حصول شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ کارپوریٹ گورننس میں میڈیا کے کردار اور اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سیمینار کے اختتام پر انسٹی ٹیوٹ کے طلباء و طالبات کا مہمان مقررین کی ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔