احد چیمہ کی درخواست ضمانت خارج، گرفتاری قانونی ہے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (نوائے وقت نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ ہاَسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف کیس پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے احد چیمہ کی گرفتاری کو قانونی قرار دیتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کر دی۔اس سے قبل جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دریں اثناء لاہور کی احتساب عدالت نے احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ میں چوتھی مرتبہ توسیع کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کر دیا ۔نیب لاہور نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، نجی کمپنی کے کنٹریکٹر شاہد شفیق اور دیگر 2 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ احد چیمہ نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں فراڈ کیا اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جبکہ شاہد شفیق نے جعلی دستاویزات سے کنٹریکٹ حاصل کئے دیگر 2 ملزمان نے بھی آشیانہ سکیم سکینڈل میں بے پناہ ضابطگیاں کیں۔ نیب نے احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے لیپ ٹاپ سے معلومات ملیں جو انہوں نے چھپائی تھیں۔ ایسا ڈیٹا ملا جو کوڈ ورڈ میں ہے جس کی جانچ ایکسپرٹ سے کرانی ہے۔ عدالت نے احد چیمہ اور دیگر ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کر دیا جبکہ 17 اپریل کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔