غیر قانونی ویگن و ٹرک اڈوں کیخلاف کریک ڈائون شروع
ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ کی ہدایت پر ضلع ملتان میں غیر قانونی ویگن و ٹرک اڈوں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فاروق ڈوگر نے چوک شہیداں کے علاقے میں آپریشن کر کے سرکاری سکول کی دیوار کے ساتھ قائم ویگن و ٹرک اڈے کو ختم کر کے 7ٹرک تھانہ میں بند کردئیے۔ اس موقع پر آپریشن میں پولیس، سول ڈیفنس اور میونسپل کارپوریشن حکام نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے فاروق ڈوگر نے ٹرک مالکان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے ۔ لاری اڈے اور جنرل بس اسٹینڈ سمیت تمام پارکنگ سٹینڈز پر بھی تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر پرمٹ گاڑیوں کو کسی صورت شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔