نیازی نے زرداری سے گٹھ جور کرکے پھر یوٹرن لیا، عوام کرسی کیلئے اتحاد کرنیوالوں مسترد کر دینگے: شہبازشریف
لاہور+ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + صباح نیوز)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں بہتری کیلئے انقلابی پروگرامز پر عملدرآمد کیا ہے اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ میں پہلی باراربوں روپے کا کسان پیکیج دیا گیا ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے شاندار پروگرام پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے کر کسان کو ان کا حق دیا گیا ہے اور زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں میں کمی کی گئی ہے۔ ہماری حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کے پروگرامز، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبہ بھر میں سکول ، کالج اور ہسپتال بنانے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔تعلیم اور صحت کے میدان میں ترقی کے سفر کو آئندہ پاکستان بھر میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کس نے دن رات ان کی خدمت میں صرف کئے اور کون جھوٹ بولتا رہا۔زرداری ،نیازی گٹھ جوڑ کا مقصدعوام کی خدمت نہیں، اقتدار کی کرسی ہے اور نیازی نے زرداری سے گٹھ جوڑ کرکے ایک بار پھر یو ٹرن لیا ہے۔ مخالفین جتنے مرضی اتحاد کرلیں، پاکستان کے باشعور عوام عام انتخابات میں انہیں مسترد کردیں گے۔ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کا محاسبہ عوام کریںگے۔انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاںپوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیں۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں گندم خریداری مہم برائے سال2018ء کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں سے 40لاکھ ٹن گندم خریدے گی اور کاشتکاروں سے 1300روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ کاشتکار وںکو باردانہ ان کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گااورپنجاب حکومت کے اس منفرد اقدام سے چھوٹے کاشتکار کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو باردانہ ان کی دہلیز پر فراہمی کیلئے شفاف اورفول پروف نظام وضع کیا جائے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواکے صدر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی - ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیر اعلی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور مسلم لیگ( ن) کا دور حکومت شفافیت ، خدمت اور دیانت سے عبارت ہے -انہوںنے کہا کہ جھوٹ کی منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے صوبے خیبر پختونخوا کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے -ان عناصر نے پانچ بر س کے دوران ترقی اور خوشحالی کے سفر میں جان بوجھ کر رخنہ ڈالا - انہوںنے کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن کے بادشاہ کو گلے لگا کر سیاسی قلابازی لگائی ہے -خیبر پختونخوا کے عوام جھوٹ بولنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے - خیبر پختونخواہ کے عوام نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو اس صوبے کو بھی پنجاب کی طرح ترقی یافتہ بنائیں گے - امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں - خیبر پختونخوا کے عوام اب پی ٹی آئی قیادت سے متنفر ہو چکے ہیں - انہوںنے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ( ن) خیبر پختونخواہ میں بھی کامیابی حاصل کرے گی