18 ویں ترمیم کا خاتمہ ملک توڑنے کے مترادف ہو گا: جاوید ہاشمی
ملتان( نامہ نگار خصوصی)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنامشرقی پاکستان کے ٹوٹنے سے بڑا نقصان ہو گا۔ بندوق کے زور پر چلنے والی جمہوریت کو کوئی نہیں مانے گا۔ سینٹ کے الیکشن میں بازار مصر لگا تھا جس میں سب بکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی میرج ہال طارق روڈ ملتان میں جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں بزم حسین کمیٹی ملتان کے زیر اہتمام منعقدہ ’’دسترخوان ابو طالب‘‘ کی تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی بحران کی وجہ سے ملک مشکل ترین مراحل سے گزر رہا ہے، جو حالات پیدا کئے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے ملک دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔ امریکہ مسلکی بنیاد پر پاکستان کو تقسیم در تقسیم کرنا چاہتا ہے، سازش کے تحت پاکستان کو پانچ چھ حصوں میں بانٹ دیا گیا ہے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر حملہ کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔ ملک معاشی اور سماجی طور پر بحران کا شکار ہے۔ ان حالات میں نواز شریف کی دشمنی میں اپنے گھر کا سامان نہیں جلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ آنے والے وقت میں ن لیگ کو توڑا جائے گا، اپنی مرضی کی قیادت لانے کے لئے کراچی کے امن کو تباہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں خامیاں ضرور ہیں تاہم اگر 18 ویں ترمیم کو ختم کیا گیا تو ملک کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لئے اہم کام کئے، انہوں نے نیوکلیر منصوبہ اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ن لیگ کا گروپ بنا نہیں مگر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی مسلم لیگ کے لئے قربانیاں ہیں، شہباز شریف کے چوہدری نثار کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ووٹ لیکر کر کسی اور کو دے آئے ہیں، ایسی روایت نہیں ہونی چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیب انتہائی گندا ادارہ ہے، اس سے انصاف کی توقع نہیں ہے، میاں صاحب کو بھی نیب سے انصاف نہیں ملے گا۔ نیب کے ادارے میں سکیورٹی اداروں کے 80 فیصد لوگ ہوتے ہیں۔ نیب غلیظ ترین ادارہ ہے جس کو میں نے خود بھی بھگتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مخلوط حکومت بنانا تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے اس سلسلہ میں سیاست دانوں کو اپنی اپنی عقل سلیم استعمال کرنا ہو گی۔