میاں طارق نااہلی کیس کی سماعت ملتوی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ )الیکشن کمیشن نے رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق محمود کے خلاف نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت 22مئی تک ملتوی کردی۔میاں طارق محمود سے جواب بھی طلب کر لیا گیا ۔الیکشن کمیشن میں رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق محمود کے خلاف نااہلی سے متعلق درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سردارجسٹس ریٹائرڈ محمدرضا خان کی سربراہی میںپانچ رکنی بینچ نے سماعت کی ، جس میں درخواست گزار میاں محمد اختر حیات کے وکیل مبین قاضی اور رکن پنجاب اسمبلی کے وکیل سید علی ظفر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، وکیل سید علی ظفر نے کہا کہ درخواست گزار نے انفرادی حیثیت میں درخواست دائر کی ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی کو نااہل کیا جائے۔یہ آپ کو تحقیقات کرنے کی درخواست نہیں کر سکتے۔ یہ معاملہ الیکشن کمیشن نہیں بلکہ سیشن کورٹ میں دائر ہونا چاہیے تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رکن پنجاب اسمبلی نے دوہزار اٹھ اور دوہزار تیرہ میں کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔سالانہ گوشواروں میں بھی اثاثوں کو چھپایا گیا۔ میاں طارق محمود کا سپین میں کاروبارہے اور وہاں ملازمت بھی کرتے رہے۔ ہم نے تمام ثبوت اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کیے ہیں۔ وکیل سید علی ظفر نے کہا کہ یہ مکمل طور پر غلط بیانی کر رہے ہیں یہ تمام الزامات من گھڑت اور جھوٹے ہیں۔الیکشن کمیشن نے رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق محمود سے جواب طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت بائیس مئی تک ملتوی کر دی۔