پاکستان چین آئندہ بھی ملکر عالمی امن و خوشحالی کیلئے کام کرتے رہیں گے: صدر ممنون
کوئٹہ ، اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ سپیشل رپورٹ)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قراقرم ہائی وے پاک چین اقتصادی راہداری کی بنیاد اور اس کے معمار اقتصادی راہداری کے بانی ہیں۔ پاکستانی قوم ان سے بے پناہ محبت اور احترام کرتی ہے۔صدر مملکت نے یہ بات شاہراہ قراقرم کی تعمیر کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے چین کے سفیر یاؤجینگ اور چین کے سابق سفیر ڑنگ چونڑنگ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہراہ قراقرم کی تعمیر کے دوران جان قربان کرنے والے انجینئرزاور کارکنوں کے ذکرپر جذباتی کیفیت پیدا ہوگئی اور سابق سفیر سمیت کئی لوگ آبدیدہ ہوگئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا پاک چینی دوستی کی مثالیں دیتی ہے۔ دونوں ملک خطے کی بھلائی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک آئندہ بھی اسی طرح ملکر عالمی امن و استحکام ، سلامتی اور خوش حالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ چین کے سابق سفیر ڑنگ چونڑنگ نے کہا کہ شاہراہ قراقرم کی تعمیر کے دوران پاکستانی اورچینی کارکنوں نے ایک ساتھ خون اور پسینہ بہایا جس کی خوشبو آج بھی تازہ ہے۔ دریں اثنا صدر مملکت ممنو ن حسین دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے جہاں وزیراعلی بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ کوئٹہ ایئر پورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے انکا استقبال کیا۔گورنر ہائوس کوئٹہ پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے صدرممنون حسین کو سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، سی پیک منصوبے اور تیزی سے بدلتے ہوئے مالی پس منظر ،خطے کی صورتحال،صوبے کے انتظامی معاملات اور سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ( آج ) سردار بہادر خان ویمن یو نیورسٹی کی سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کرینگے۔