انڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ‘ مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم پر تشویش‘ حالات خراب ہونگے: ناصر جنجوعہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں متعین بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریہ نے گزشتہ روز مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات و سلامتی کی صورتحال پر ان سے بات چیت کی۔ سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے اور مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر سلامتی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری سمیت ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہے ۔پاکستان جامع مذاکرات کے ذریعے تمام تسفیہ طلب معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔مشیر قومی سلامتی نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دونوں مین بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے معصوم کشمیری عوام پر بدترین ظلم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی سے حالات مزید خراب اور کشیدہ ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے۔ اس موقع پر بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات بہتر بنانا ہوںگے۔ دریں اثناء پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترک امیر البحر نے گزشتہ روز مشیر قومی سلامتی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دوران ملاقات باہمی تعلقات بہتر بنانے، دفاعی تعاون اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان اور شام کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔صباح نیوزکے مطابق پاکستان اور بھارت نے تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد مذاکرات کے جامع عمل کی جانب بڑھنا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اتفاق رائے ناصر خان جنجوعہ اور اجے بساریہ کے درمیان پہلے سے طے شدہ خیر سگالی ملاقات میں ہوا۔