18ویں ترمیم ختم کرنا مشرقی پاکستان ٹوٹنے سے بڑا نقصان ہو گا: جاوید ہاشمی
ملتان (نامہ نگار خصوصی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے سے بڑا نقصان ہو گا۔ بندوق کے زور پر چلنے والی جمہوریت کو کوئی نہیں مانے گا۔ سینٹ کے الیکشن میں بازار مصر لگا تھا جس میں سب بکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’دسترخوان ابو طالب‘‘ کی تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا مصنوعی بحران کی وجہ سے ملک مشکل ترین مراحل سے گزر رہا ہے، جو حالات پیدا کئے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے ملک دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔ امریکہ مسلکی بنیاد پر پاکستان کو تقسیم در تقسیم کرنا چاہتا ہے، سازش کے تحت پاکستان کو پانچ چھ حصوں میں بانٹ دیا گیا ہے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر حملہ کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔ ملک معاشی اور سماجی طور پر بحران کا شکار ہے۔ ان حالات میں نواز شریف کی دشمنی میں اپنے گھر کا سامان نہیں جلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ آنے والے وقت میں مسلم لیگ (ن) کو توڑا جائے گا، اپنی مرضی کی قیادت لانے کے لئے کراچی کے امن کو تباہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لئے اہم کام کئے۔ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن کا گروپ بنا نہیں مگر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی والے ووٹ لیکر کسی اور کو دے آئے ہیں، ایسی روایت نہیں ہونی چاہئے۔ ایک سوال پر کہا نیب انتہائی گندا ادارہ ہے، اس سے انصاف کی توقع نہیں، میاں صاحب کو بھی نیب سے انصاف نہیں ملے گا۔ نیب کے ادارے میں سکیورٹی اداروں کے 80 فیصد لوگ ہوتے ہیں۔ نیب غلیظ ترین ادارہ ہے جس کو میں نے خود بھی بھگتا ہے۔