معمار نوائے وقت مجید نظامی کا یوم ولادت جوش و خروش سے منایا گیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) رہبر پاکستان‘ امام صحافت اور معمار ’’نوائے وقت‘‘ ڈاکٹر مجیدنظامی کا 90واں یوم ولادت گزشتہ روز جوش وخروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ادارہ نوائے وقت‘ نظریہ پاکستان ٹرسٹ‘ مسلم لیگ(ن) پنجاب آفس‘ مسلم لیگ(ن) این اے 126 آفس سمیت متعدد سیاسی وسماجی اداروں نے ڈاکٹر مجیدنظامی کی سالگرہ کے کیک کاٹے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب آفس مسلم ٹائون میں منائی جانے والی سالگرہ تقریب میں مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر صوبائی وزیر ملک ندیم کامران‘ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین، آفس سیکرٹری سرفراز حیدر کاظمی نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا جبکہ دیگر شرکاء میں لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ، کسان ونگ پنجاب کے صدر میجر (ر) ذوالفقارشاہ‘ کلچرل ونگ پنجاب کی صدر مسز ملک‘ لیبر ونگ کے رہنمائوں چودھری شہزاد انور‘ عبدالکریم آسی‘ یوتھونگ کے جواد صدیقی اور مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 کے مسلم لیگ(ن) کے آفس میں وزیراعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان، حمزہ شہبازشریف کے کوآرڈینیٹر سید توصیف شاہ نے ڈاکٹر مجید نظامی کی 90ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر مقامی رہنما مہر شبیر ہیرو‘ خواجہ سعد فرخ‘ نعیم نیازی‘ قاسم گجر‘ محسن گجر‘ حبیب اللہ بھٹی‘ حیدر جٹ‘ وقاص بٹ ودیگرموجود تھے۔