قومی کھیل ہاکی کی مارکیٹنگ کیلئے پی ایچ ایف اور ایڈ ماسٹرز کے مابین معاہدہ
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) نوجوان نسل میں قومی کھیل ہاکی کے شوق کو اجاگر کرنے اور کارپوریٹ سیکٹر کو ہاکی کی جانب راغب کرنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ’’ ایڈماسٹر ایڈورٹائزنگ سپورٹس مارکیٹنگ ‘‘ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے اس معاہدے پر پی ایچ ایف کی جانب سے سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر اور ایڈ ماسٹر کی جانب سے سی ای اوشجاعت حسین نے دستخط کیے ۔اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ،اس کھیل میں ہم اولمپئین ، ورلڈ اور ایشین چیمپئن رہ چکے ہیں اس کھیل کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس کھیل کو نوجوانوں میں مقبول بنانے اور کارپوریٹ سیکٹر کو ہاکی کے مقابلے سپانسر کرنے کے لیے ہاکی کو مارکیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ضمن میں کمپنی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں سمیت یونین کونسل کی سطح پر ہاکی کے مقابلے منعقد کیے جائیں اس حوالے سے وہ کارپوریٹ سیکٹر کا تعاون حاصل کرے گی۔