مسلم لیگ ن کی پارٹی رجسٹریشن کیخلاف درخواست بحال
اسلام آباد ( آئی این پی ) الیکشن کمشن نے مسلم لیگ( ن) کی پارٹی رجسٹریشن کے خلاف درخواست بحال کر تے ہوئے کیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کر دی، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس موخر کیا تھا، اب آپ کی درخواست بحال کر دی ہے، آپ دلائل دیں۔ منگل کو الیکشن کمشن میں مسلم لیگ (ن) کی پارٹی رجسٹریشن کے خلاف درخواست پرچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمشن نے سماعت کی ۔ پاکستان عوامی تحریک کے وکیل مخدوم نیاز انقلابی الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ وکیل مخدوم نیاز انقلابی نے کہا کہ سپریم کورٹ مسلم لیگ ن کی صدارت سے نواز شریف کو نااہل قرار دے چکی ہے۔ ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہا کیا آپ پارٹی سے نواز کا نام آپ ہٹانا چاہتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس موخر کیا تھا۔ اب آپ کی درخواست بحال کر دی ہے۔ آپ دلائل دیں۔ وکیل مخدوم نیاز نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کا حکم نامہ پیش کیا ہے۔ دلائل کے لیے آئندہ کی تاریخ دی جائے۔الیکشن کمشن نے مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کر دی ۔عوامی تحریک کی جانب سے خرم نواز گنڈاپور، ابرار حسین اور مخدوم نیاز انقلابی نے مسلم لیگ ن سے نواز شریف کے نام کو ہٹانے سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔