و یسٹ انڈیز کو مسلسل تیسری شکست‘ پاکستان کا ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ
کراچی (رپورٹ:اسحاق بلوچ ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ٹی20انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں8 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا ۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کی شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ملنے والا 154رنز کا ہدف 16.5اوورز میں2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔بابر اعظم نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی،انہیں مین آف دی سیریز قرار دیا گیا جبکہ فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔پاکستان کی ٹیم نے میچ کے خاتمے کے بعد گرائونڈ کا چکر بھی لگایا اور تماشایئیوں سے داد وصول کی ۔ویسٹ انڈیز کے بالرز 153رنز کا دفاع نہ کر سکے ۔پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں تیز رفتاری سے بیٹنگ کا آغاز کیا،فخر زمان اور بابر اعظم نے وکٹ کے چاروں جانب بائونڈریز کی مدد سے اسکور میں اضافہ کیا ۔پاکستان کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں گری جب فخرزمان 17گیندوں پر 6چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے40رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔بابر اعظم 40گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے51رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔113رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد حسین طلعت اور آصف علی نے بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر لیا ۔حسین طلعت 28گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے31اور آصف علی 16گیندوں پر دوچوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔فاضل رنز کی تعداد 7رہی ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایمرٹ نے24اور اسمتھ نے 38رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 153رنز اسکور کئے ۔مہمان ٹیم کے بیٹسمینوں نے آخری اوورز میں انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور تین اوورز میں44رنز اسکور کیے ۔اس کی جانب سے آندرے فلیچر نے 43گیندوں پر 4چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے52رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے ۔دنیش رام دین نے آخری اوورز میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 18گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے42رنز اسکور کئے اور ناٹ آئوٹ رہے ۔مارلن سیملیولز نے 25گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے31رنز بنائے ۔کپتان جیسن محمد نے 13اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے میکارٹنی نے پانچ رنز اسکور کئے ۔فاضل رنز کی تعداد7رہی جس میں 6لیگ بائی اور ایک نوبال کا رن شامل تھا ۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 27رنز دے کر دو وکٹ لئے جبکہ فہیم اشرف ،عثمان شنواری اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔علیم ڈار اور احسن رضا امپائرز،شوزیب رضا ٹی وی امپائر ،آصف یعقوب ریزرو امپائر اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری تھے ۔ مہمان ٹیم نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے جبکہ ایک دولہا شادی چھوڑ کر میچ دیکھنے آیا۔