ذوالفقار علی بھٹو ایک نظرئیے کا نام ، جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی
راولپنڈی (محمد رضوان ملک (ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ، تاریخ اور نظرئیے کا نام ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی تاریخ گواہ ہے کہ اسے ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے۔ لیکن بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔ غریب عوام کو ان کے حقوق بتانے اور ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے ذوالفقار علی بھٹو کے کارنامے کبھی بھلائے نہیں جاسکیں گے۔ مورخ جب بھی پاکستان کی سیاسی تاریخ لکھے گا بھٹو کا نام اس میں ہمیشہ سرفہرست ہی رہے گا۔ذوالفقار علی بھٹو کی 39 برسی کے موقع پر آج چار اپریل کو عوام قائد عوام کے احسانات کو یاد کریں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے رہنمائوں نائب صدر راجہ ظہیر جنجوعہ،امجد علی جنجوعہ،فضل حق خان اور سیکرٹری اطلاعات محمد شاہد نے ’’ایوان وقت‘‘میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھٹو خاندان کی ملک وقوم کے لئے لازوال قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ قادیانیوں کو غیرمسلم قراردینے ،ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور 1973 ء کا متفقہ آئین دینے، عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے کے بھٹو کے کارنامے رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔ بھٹو جیسے لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ بھٹو کو شہید نہ کیا جاتا تو آج پاکستان ایشئین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ انہوںنے کہا پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے جس کی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں نمائندگی ہے۔ پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے حقیقی معنوںمیں خود کو بھٹو کا جانشین ثابت کیا ہے۔ انہوں نے اس کا ثبوت محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے مشکل ترین وقت میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر دیا۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری کی دانشمندانہ اور دوراندیشی کی سیاست کے بدولت آج سینٹ میں چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین موجود ہے۔ جبکہ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ جو بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ایک سوچ اور فکر کا نام ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ماضی کا قصہ بننے جارہے ہیں اور مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے۔ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے بلاول بھٹو زرداری سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔