نبی کریمؐ کی تعلیمات پرعمل کرکے زندگی بسرکرنے سے ہماری صحت بہترین رہے گی، ڈاکٹر شہزاد عالم
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن پاکستان کے نیشنل پروفیشنل آفیسر ڈاکٹر شہزاد عالم نے کہا ہے کہ صحت کی فراہمی صرف ہسپتالوں، ڈسپنسریوں اور ڈاکٹروں کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے اگر ہم اپنے نبی کریمؐ کی تعلیمات پرعمل کرکے ہم زندگی بسرکریں تو ہماری صحت بہترین رہے گی ، پرہیز علاج سے بہتر ہے کے مقولے پر بھی عمل کرنے سے ہم بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہمدردنونہال اسمبلی کے ماہانہ اجلاس سے مہمانِ خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں کیااجلاس کا موضوع ’’عالمگیر تحفظِ صحت ہر ایک کے لیے ۔ ہرجگہ‘‘تھا۔انہوں نے کہا اگر ہمیں صحتمند رہنا ہے تو پیدل چلیں، ورزش اور جسمانی مشقت کی عادات اپنائیں، تمباکونوشی اور چکنائی کا استعمال ترک کریں، تازہ پھلوں اور سبزیوں کواپنی خوراک میں شامل کریں۔ اسمبلی میں راولپنڈی/اسلام آباد کے سکولوں کے طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔قومی صدر ہمدرد نونہال اسمبلی سعدیہ راشد نے کہا کہ صحتِ انسانی کے لیے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان ہمیشہ کی طرح WHOکے ساتھ اور اپنا کردار بخوبی اداکررہاہے ۔ایک تحقیق کے مطابق اسی کروڑ افراد اپنی ماہانہ آمدنی کا دس فیصدصحت کے مسائل پر خرچ کرتے ہیں اوربعض لوگ اپنی مجبوریوں کے سبب علاج پر موت کو ترجیح دیتے ہیں ۔ایسے میں دنیا بھر کی حکومتیں اپنے شہریوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے اپنے اپنے فرائض پورے کریں۔اس موقع پر موضوع کے مطابق بچوں نے انگریزی اور اردو میں تقاریر کیں جب کہ خاکے، ٹیبلواور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ بعدازاں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی والے نونہالوں میں انعامات تقسیم کیے۔