ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ کامیاب خدشات دم توڑ گئے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین3 ٹی ٹونٹیز پر مشتمل مختصر سیریز کامیابی سے مکمل ہوگئی جس میں گرین شرٹس نے تینوں میچ جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کر دیا لیکن دوسری جانب گزشتہ9 سال سے برقرار جمود ٹوٹ گیا اور ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد باقاعدہ طور پر بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوگئی۔ اس طرح نہ صرف آئی سی سی کا اعتماد بحال ہوا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان امن وامان کے حوالہ سے سرخرو ہوگیا۔ پاکستان میں نہ آنے والے کھلاڑیوں اور کرکٹ سے منسلک حلقوں کے تمام تر خدشات اور خطرات دم توڑ گئے۔ دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد دیگر ٹیموں کا حوصلہ بڑھے گا اور بھارت‘ سری لنکا سمیت دیگر کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا رخ کریں گے۔ جس سے پاکستان پر لگے دہشت گردی کے الزامات ختم ہونگے اور پوری دنیا میں اچھا تاثر اور امن و سلامتی کا پیغام جائے گا‘ علاوہ ازیں دیگر کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیاں پروان چڑھیں گی اور پاکستان کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔ پاکستان کے کھیلوں میں پاک فوج کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی دلچسپی اور فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر ممکن ہوسکا ہے۔ اب امید کی جا رہی ہے بہت جلد پی سی بی دیگر کرکٹ ٹیموں کو مدعو کرے گی۔