سعودی دارالحکومت پر میزائل حملے امت مسلمہ کیلئے وارننگ ہیں،عبدالرزاق اسکندر
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )سعودی عرب پر دہشت گردوں کے حملے پورے عالم اسلام پر حملے کے مترادف ہے،پورے عالم اسلام کے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں،اسلامی دنیا کو دہشت گردوں اور توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والوں کیخلاف متحد ہونا ہوگا، سعودی دارالحکومت پر میزائل حملے پوری امت مسلمہ کے لیے وارننگ ہیں، سرزمین حرمین کے دفاع کے لیے سعودی حکومت کے شانہ بشانہ ہیں ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے دارالحکومت پر حملے کو پورے عالم اسلام پر حملہ قرار دیا-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے سعودی عرب کے دارالحکومت پر حملے کو پوری امت کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عالم اسلام دہشت گردوں اورتوسیع پسندانہ عزائم رکھنے والوں کے خلاف متحد ہو جائے- وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں اورسرزمین حجاز کے دفاع کے لیے سعودی حکومت کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی کو ارض حرمین کا امن وسکون برباد کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے- وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پاک سعودی بے مثال دوستی کا پاس رکھتے ہوئے سفارتی اور عسکری ہر محاذ پر سعودی حکومت کا بھرپور ساتھ دے۔