ایم کیو ایم چھوڑ رہا ہوں نہ دوسری جماعت میں جارہا ہوں‘ فاروق ستار
کراچی(خصوصی رپورٹر) سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مستقبل کی سیاست میں کسی اور سیاسی جماعت میں جانے سے متعلق تمام آپشنز کومسترد کرتا ہوں‘ 35 سالہ وفا داری کبھی تبدیل نہیں کرسکتا‘ میراجینامرناایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ تھا ہے ا ور رہے گا۔ 35 سالہ سیاسی سفرمیں ناکبھی کارکنان کواکیلا چھوڑ کرپاکستان سے باہر گیا اورنہ ہی اپنی سیاسی وابستگی کو تبدیل کیا اور نہ کبھی دوسری سیاسی جماعت بنانے کا سوچا۔35 سال سے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہوں اور آئندہ بھی ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ رہوں گا اور کارکنان کے درمیان رہتے ہوئے اپنے نظریہ اورفلسفہ پر عمل کرتے ہوئے کارکنان کے ساتھ مل کر سیاسی جدوجہد کو جاری رکھوں گا۔ میں ایم کیو ایم پاکستان کو چھوڑ کر کہیں نہیں جارہا نہ ہی کسی سے ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی الحاق ہونے جارہا ہے تمام منفی اورمن گھڑت باتوں کو مسترد کرتاہوں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آئندہ ہونے والے الیکشن میں ماضی کی طرح اپنی پتنگ اور جھنڈے کے ساتھ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ و کنوینر ڈاکٹرفاروق ستار کی ہدایت پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بابر ستارایڈووکیٹ اورمحمد اکبر خان ایڈووکیٹ نے غیرمنصفانہ حلقہ بندیوں کے خلاف الیکش کمیشن میں اپنے تحفظات جمع کروادئیے۔ علاوہ ازیں کراچی میں جاری پانی وبجلی کے شدید بحران پرمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی کا اجلاس پی آئی بی کالونی میں ہوا‘ جس میں اراکین رابطہ کمیٹی نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مرمت کے نام پر طویل دورانیہ تک بجلی بند کرنا ختم کرے۔ کے ا لیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فراہمی آب بھی متاثر ہورہی ہے اوراس شدیدگرمی میں یہ دہرا عذاب عوام جھیل رہے ہیں۔ کے الیکٹرک اپنا منافع کم کرکے عوام کی خدمت کرے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے۔
فاروق ستار