کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج جاری، یوم سوگ منایا گیا
کراچی ( نیوز رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر کی اپیل پر ملک بھرمیںمقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام کے خلاف یوم سوگ منایاگیا‘اس سلسلے میں جے یوپی کراچی کے زیراہتمام ضلع وسطی میں لیاقت آباداور نارتھ کراچی‘ضلع غربی میں اورنگی ٹاﺅن نمبر5‘ضلع شرقی میں گلستان جوہر‘ضلع کورنگی میں شاہ فیصل کالونی نمبر2‘ ضلع ملیر میں بھینس کالونی اورگڈاپ ٹاﺅن اور ضلع جنوبی میں رنچھوڑلین کے علاقے میں بعد نماز ظہر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ لیاقت آباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم وبے گناہ نوجوانوں کی شہادت سے بھارت کا بھیانک چہرہ ایک بارپھر بے نقاب ہو گیا ہے مودی عالمی دہشت گرد ہے‘ اقوام عالم انڈیا کا بائیکاٹ کریں اور اس سے تمام تجارتی رابطے منقطع کرکے امن کے حامی ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہاکہ مظفروانی کی شہادت کے تحریک آزادی¿ کشمیرنے ایک نیا رنگ اختےار کیا ہے۔جموں و کشمیر موومنٹ کراچی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نمائش چورنگی پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی‘ مذہبی و کشمیری رہنماﺅں نے کہا کہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘ حکمران طویل عرصہ بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھاتے رہے‘ اب حکومت کو سمجھ لینا چاہئے کہ بھارت انسانیت اور امن کا دشمن ہے‘ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے والوں کو دہشت گرد قرار دینے سے ہماری آواز دبائی نہیں جا سکتی‘ دہشت گرد بھارت اور ان کے حکمرانوں کو قرار دینا چاہئے‘ جو بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے۔ 6 اپریل کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے بڑا پروگرام کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی‘ جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما حافظ احمد علی‘ مفتی حماد مدنی‘ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما عقیل انجم‘ قاضی احمد نوارانی‘ جموں کشمیر موومنٹ بلوچستان کے رہنما مجیب الرحمن زامرانی‘ کشمیر کمیٹی کے رہنما سردار جمیل شاہ‘ جماعة الدعوة کے رہنما عمران بھٹی‘ جموں کشمیر کراچی کے رہنما حافظ عبدالقیوم‘ حافظ محمد امجد‘ کشمیری رہنما عاشق حسین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھارتی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ اگر معصوم اور نہتے کشمیریوں کے حق میں اپنا بیان ریکارڈ کروانا دہشت گردی ہے تو پھر ہم سب دہشت گرد ہیں‘ ملکوں کو تہس نہس کرنا‘ مسلمانوں کو شہید اور بچیوں کی عزتیںتار تار کرنے کے باوجود آپ پرامن کہلائیں ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ ہم نے کس ملک میں جا کر دہشت گردی کی ہے؟ ہم عوامی خدمت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں شاید تمہیں وہ سیاستدان پسند ہیں جو ملک عزیز پاکستان سے پیسے لوٹ کر تمہارے بنکوں میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر خوشی ہوئی کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی ہندوستان کو دہشت گرد کہا اچھا ہے کہ حکومت خواب خرگوش میں سوئی ہوئی تھی مگر اب جاگ گئی ہے‘ 6 اپریل کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے بڑا پروگرام کریں گے۔
کشمیر میں شہادتوں کےخلاف احتجاج