سائنس کو انسانی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا جائے‘ ڈاکٹر صادق علی
کراچی ( نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئر مین ڈاکٹر صادق علی خان نے سائنس کو انسانی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا سائنس نہ صرف کمپیوٹر سائنس بلکہ تمام شعبہ جات میں اہمیت کا حامل ہے اور ہمیں اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔طلباوطالبات کو ان کی ذہنی و فکری صلاحیت کے مطابق تعلیم فراہم کرنی چاہیئے تاکہ وہ آسانی سے علم کو اپنے اندر جذب کر سکیں،عصر حاضر میں جدیدٹیکنالوجی کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو مستقبل میں شعبہ میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام اور آئی ای ای ای کمپیوٹر سوسائٹی کراچی چیپٹر کے اشتراک سے ڈیٹاسائنس پرشعبہ کمپیوٹر سائنس کے سیمینار ہال میںمنعقدہ دوروزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرحبیب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر شاہد شیخ نے ڈاکٹر صادق علی خان کی کاوشوں کو بیحد سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ای ای ای کی جانب سے تعلیمی ورکشاپ منعقد کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی بالخصوص کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے پناہ تبدیلیاںتیزی سے برپا ہورہی ہیں جس سے صنعتی سرگرمیوں اور ترقی میں بھی بے انتہا اضافہ دیکھنے میں آرہاہے ۔