کراچی کے 5ٹائونز میں گرائونڈپلس 2 تعمیرات پرپابندی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آغامقصود عباس کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقدہواجس میں چیئرمین "آباد"کے ہمراہ اراکین آباد اورایس بی سی اے سمیت ماسٹرپلان ڈپارٹمنٹ کے سینئرافسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایڈوائزی کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تجاویزوسفارشات کی بنیاد پر ایک نوٹیفکیشن جاری کیاگیاجس کے مطابق کراچی کے 5ٹائونزجن میںگلشن اقبال ،گلبرگ ،نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد اورجمشیدٹائون شامل ہیں میں 120مربع گزسے زائد رقبہ کے رہائشی پلاٹس پرگرائونڈپلس 2منزلہ سے زائد منزلوں پرپابندی عائد کردی گئی ہے یہ پابندی اس وقت تک نافذ رہے کی جب تک کہ اس سلسلے میں اسٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے ترامیم شدہ کے بی اینڈٹی پی 2002ء کے مطابق بعدازجائزہ ،نظرثانی کی سفارش نہیں کی جائے گی ۔ قبل ازاں اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل نے متعلقہ ٹائون ڈائریکٹرزکو سختی سے ہدایات کی کہ پابندی کے زمرے میں شامل ٹائونز کی تعمیرات پرگہری نظررکھی جائے غیرقانونی تعمیرات کوہرصورت روکا اور ان پرفوری انہدامی کارروائی کویقینی بنایاجائے۔ ذرائع کے مطابق یہ تعمیرات بلڈنگ کنٹرول کے افسران کی نگرانی میں ہورہی ہے‘ پابندی سے آباد کوفائدہ ہوگا اور نئے فلیٹوں کی قیمت بڑھ جائے گی۔ دلچسپ بات یہ کہ پوش علاقوں میں مکانات کو توڑ کر عمارات بنانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔