جماعۃ الدعوۃ کے سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے کئی شہروں میں مظاہرے
لاہور ( سپیشل رپورٹر)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے زیر اہتمام لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور اور حیدرآبادسمیت مختلف شہروںمیں سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے مظاہرے کئے گئے جن میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا گیاجس میں حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کا اعلان کیا گیا۔امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے 6اپریل کو اسلام آباد میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالہ سے ایک بڑے پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس تحریک کوملک گیر سطح پر بھرپور انداز میں جاری رکھتے ہوئے جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں بغاوت ایران اور سعودی عرب کا مسئلہ نہیں اور نہ ہی یہ شیعہ سنی لڑائی ہے۔ صلیبی و یہودی سازش کے تحت اس مسئلہ کو الجھانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔ پاسبان حرمین شریفین کے نام سے مشترکہ فورم تشکیل دے دیا گیا۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔چوبرجی چوک میں ہونے والے مظاہرہ میں شریک افراد نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی عرب اور حرمین الشریفین کے حق میں تحریریں درج تھیں۔ مظاہرے سے قاری یعقوب شیخ، مولانا ابو الہاشم، عتیق الرحمن، مولانا محمد ادریس فاروقی ودیگر نے خطاب کیا۔ حافظ محمدسعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں اس مسئلہ کو بگاڑ کر شیعہ سنی لڑائی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ حرمین شریفین کا دفاع سیاسی یا اختلافی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ افغانستان کو بیس بنا کر پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے۔اسی طرح یمن کو بیس بنا کر سعودی عرب پر یلغار کی جا رہی ہے۔ اسلام دشمنوں کی یہ سازشیں واضح ہوچکی ہیں۔
لاہور+ گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کے حق میں دینی جماعتوں کے زیراہتمام کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ پاکستان سنی اتحاد نے گزشتہ روز یوم اتحاد امت جبکہ جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام یوم یکجہتی سعودی عرب منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ حرمین شریفین پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں مذہبی جماعتوں کے سینکڑوں کارکنوں نے سعودی عرب کے حق میں مظاہرہ جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سعودی عرب کے حق میں فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں پارلیممنٹ کے گھیرائو کا اعلان کر دیا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت علامہ زبیر احمد ظہیر نے کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کا سعودی عرب کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ علاوہ ازیں نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے زیراہتمام صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں جمعہ کو ’’اظہار وفا حرمین شریفین‘‘ کے طور پر منایا گیا۔ ڈاکٹر مفتی حسیب قادری نے جامعہ نعیمیہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت ہر مسلمان کا بنیادی دینی اور اخلاقی فرض ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان سنی اتحاد کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر جمعہ کو یوم اتحاد امت کے طور پر منایا گیا جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر کی اپیل پر ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ کی 300 سے زائد مساجد میں خطباء و علماء نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیا۔ حافظ محمد طاہر رضا قادری نے کہا کہ استعماری قوتیں امت مسلمہ کو تقسیم کر کے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہیں۔ علاوہ ازیں جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں ’’یوم یکجہتی سعودی عرب‘‘ منایا گیا اور بعد نماز جمعہ مختلف مقامات پر مظاہرے اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ یہود و ہنود کی شہ پر مسلم ممالک کے اندر فساد اور انارکی پیدا کرنے والے منافقین امت مسلمہ کے لئے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔