حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا: منور حسن
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہاہے کہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور جے یوآئی سے ہونے والے مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ جماعت اسلامی اپنے منشور اور اپنے انتخابی نشان ”ترازو“ کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی۔ عوام نے پہلے جن پارٹیوں کو ووٹ دیئے تھے انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ چار کا ٹولہ پانچ سال تک برسراقتدار رہا ہے، انہوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال گوجرانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منورحسن گزشتہ دنوں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بلال قدرت کی عیادت کے لئے گوجرانوالہ پہنچے تھے۔ منورحسن نے کہاکہ ہم غنڈہ گردی کا جواب غنڈہ گردی سے نہیں دیں گے۔ الیکشن کمشن کو اس سنگین واقعہ کا فوری نوٹس لیناچاہئے تھا۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھائی ہیں اور اسے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کی سنجیدہ کوشش کی جا رہی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے ملک میں بھارت کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے خلاف مہم چلائی۔ عوام ہمارے ماضی کو سامنے رکھ کر ہمارے نمائندوں کو ووٹ دیں۔ سپریم کورٹ نے کراچی کی نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے بارے میں جو فیصلہ دیا تھا، اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ ایم کیو ایم نے اپنا کام دکھایا اور یہ دونو ں کام نہیں ہو سکے جن لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں لکھے گئے تھے وہ دوبارہ غائب ہیں۔ ضلع وسطی کراچی کے 65 ہزار ووٹ غائب ہیں۔ ایسا انتظام ہونا چاہئے کہ لوگ بے دھڑک اور بے خوف ہو کر ووٹ ڈال سکیں۔ امریکہ 2014ءمیں افغانستان سے نکل رہاہے ایسے موقع پر پاکستان میں ایک ایسی حکومت ہونی چاہئے جو اس خطے میں قومی مفادات کا تحفظ کر سکے۔