کراچی ‘ ڈیرہ اسماعیل ‘میانوالی(نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوگئے ۔شہرقائد میں سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب چڑھائی سے اترتے ہوئے تیزرفتار بس نے موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے راہ گیروں کو روند ڈالا‘حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور5 خواتین سمیت 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق ایک شخص کی شناخت عبدالقدوس ‘ دوسرے کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں قیصر‘ آصف‘ مزمل ‘ وجاہت ‘ فضیلہ‘ ریحان‘رمضان ‘ ماریہ‘ نفیسہ‘ اصغرعلی ، عروبہ‘ ثمینہ،‘ جنید اور سید رضی شامل ہیں۔میانوالی کی حدود میں سی پیک ایم 14 پر کار اور ٹریلر کے درمیان ٹکر‘ حادثہ کے نتیجہ میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔میانوالی کے علاقہ کْنڈل انٹر چینج کے قریب ایم 14 سی پیک پر کار اور ٹرالر میں ٹکر کے نتیجہ میں کار الٹ گئی۔ کار ڈیرہ اسماعیل خان جا رہی تھی۔حادثات تیز رفتاری کے باعث پیش آئے۔