لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ایک قوم بننا ہوگا۔ قدرتی آفات ہمارے لئے آزمائش ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے۔ یہ بات انہوں نے جامعہ القدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں کہا ہم اسلام کے اصولوں کو پامال کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت دینے سے کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کرنی چاہیے اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ حکمران سیاسی بیانات سے نہیں عملی طور پر علاقوں میں جا کر لوگوں کی مدد کریں۔ ہیلی کاپٹروں کی بجائے ان لوگوں درمیان پہنچ ان کی داد رسی کریں اور ہر محب وطن پاکستانی کو بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی بھرپور مدد کرنی چاہیے۔ نمود نمائش سے بچنا چاہیے۔ نماز جمعہ کے بعد ملکی سلامتی اور سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے دعا کی گئی۔