وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کےلئے ترکی کی خدمات قابل تحسین ہیں،خطے سے متعلق پاک ترک نقطہ نظر میں مماثلت رہی ہے، پاکستان اور ترکی کے دیرینہ تاریخی، سماجی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں، مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ترک صدر کے شکرگزار ہیں۔منگل کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں پاک ترک وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے سے متعلق پاک ترک نقطہ نظر میں مماثلت رہی ہے، پاکستان اور ترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، لاکھوں انسانی زندگیوں کو شدید خطرات ہیں، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے، مظلوم کشمیریوں کی نظریں اقوام عالم بالخصوص مسلم دنیا پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کےلئے ترکی کی خدمات قابل تحسین ہیں، پاکستان اور ترکی کے دیرینہ تاریخی، سماجی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں، مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ترک صدر کے شکرگزار ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024