حکومت اور اپوزیشن نیب کے خلاف یک زبان: لگام دینے کی اعظم سواتی کی خواہش
پیر کو سینٹ میں ’’پرائیویٹ ممبرز ڈے ‘‘ تھا اس لئے سینٹ کے اجلاس میں نجی کارروائی نمٹائی گئی۔ پیپلز پارٹی نے سینٹ میں نیب آرڈیننس میں ترامیم اورصوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے بل پیش کر دئیے۔حکومت کی جانب سے دونوں بلوں کی مخالفت نہیں کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے جنوبی پنجاب کے قیام کے حوالے سے دستور ترمیمی بل 2019(آرٹیکل 1،51،59،106،175الف،198اور 218)میں ترمیم کا بل پیش کیا،سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھی جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کرتی آئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کا قیام اپنے منشور میں شامل کیا ہے اور 90دن میں یہ وعدہ پورا کرنے کا اعلان کیا تھا مگر آج تک ایسا نہیں ہو سکا۔بل کے تحت صوبہ'' بہاولپور جنوبی پنجاب '' ملتان ،بہاولپور کے علاقون،ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں ،بھکر اور میانوالی کے اضلاع پر مشتمل ہو گا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا کہ نیب کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے۔پیر کو سینٹ میں اپوزیشن سینیٹرز نے سابق صدر آصف علی زرداری کو علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا اور کہا ہے مودی کشمیریوں کے ساتھ جو کچھ کر رہا ہے وہی سلوک حکومت اپوزیشن کے ساتھ کر رہی ہے، کوئی صدر اور وزیراعظم ہمیشہ نہیں رہے گا، ایک دن انکو بھی سابق ہونا ہے۔