پنجاب کے دیگر 19 اضلاع میں بھی ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجراء کی منظوری
لاہور(صباح نیوز، اے این این)پنجاب میں صوبائی حکومت نے صوبے کے19 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس اسکیم کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے چھٹی کے روز بھی اجلاس طلب کیا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں پنجاب کے باقی ماندہ 19 اضلاع میں بھی ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجرا کی اصولی منظوری دی گئی۔سی ای او پنجاب ہیلتھ انشورنس مینجمنٹ کمپنی نے صوبائی وزیر کو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صحت کے اہداف کے حصول کے لئے مشنری جذبے کے ساتھ کام کیا جائے۔وزیرصحت نے بتایا ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کو مالیاتی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انھوں نے محکمے کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں فائل ورک جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ صوبائی کابینہ سے حتمی منظوری لی جاسکے۔وزیر صحت نے محکمے میں روبو کال سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، سروس پنجابی، سرائیکی اور اردو زبان میں شروع کی جائے گی۔سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر صحت پنجاب نے کہا روبو کال سروس کے ذریعے شہریوں کو مفت طبی مشورے فراہم کئے جائیں گے۔ اعلامیے میں بتایا گیا صوبے بھر میں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے اہداف مقررہ وقت میں حاصل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 15روز کے اندر پنجاب کے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاہم ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔