امریکی نائب وزیر دفاع کا سیکرٹری دفاع کو فون، فوجی وفد کےساتھ بدسلوکی پر معذرت

03 ستمبر 2010
اسلام آباد (ریڈیو مانیٹرنگ + مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب وزیر دفاع مشعل فلورنی نے ٹیلی فون پر پاکستان کے سیکرٹری دفاع سے پاکستانی فوجی وفد کے ساتھ امریکہ مےں پیش آنے والے واقعہ اور قابل اعتراض سلوک پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظام تشکیل دیا جائے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ عسکری ذرائع کے مطابق امریکی ایڈمرل مولن نے ڈیلاس ایئرپورٹ پر پاکستانی فوجی وفد کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ پر جنرل کیانی سے معذرت کی۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے منسوخ کئے جانے والے مذاکرات اب واشنگٹن کی بجائے اسلام آباد مےں کروانے کی تجویز دی ہے۔امریکہ مےں پاکستانی سفیر حسین حقانی کی طرف سے بھی امریکہ مےں پاکستانی فوجی وفد کے ساتھ ناروا سلوک برتنے پر امریکی حکام سے احتجاج کیا گیا ہے۔ امریکی حکام نے معافی مانگنے اور آئندہ احتیاط برتنے کی یقین دہانی کرا دی۔