A PHP Error was encountered

Severity: Notice

Message: Undefined index: category_data

Filename: frontend_ver3/Templating_engine.php

Line Number: 35

سانحہ سیالکوٹ : سپریم کورٹ کا پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان ‘ ایس ایچ او بیرون ملک فرار ہو گیا : ذرائع

03 ستمبر 2010
اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز + ریڈیو نیوز + ثناءنیوز) سپرپم کورٹ نے سانحہ سیالکوٹ پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا تمام ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث نے بتایا بظاہر ایسا لگتا ہے بااثر مفرور ملزموں کو کچھ پولیس حکام تحفظ دے رہے ہیں‘ چیف جسٹس نے اس جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہا ملزم ملک میں ہیں تو انہیں اب تک گرفتار ہو جانا چاہئے تھا‘ سیالکوٹ کے نئے ڈی پی او بلال صدیق نے بتایا انہوں نے کیس کی تحقیقات کے لئے وہ پولیس آفیسر مانگے ہیں جو اس ضلع میں تعینات نہ رہے ہوں۔ ان کا کہنا تھا سابق ڈی پی او پکڑا گیا ہے ایس ایچ او بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے ایس ایچ او رانا الیاس کو 6 ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ تین رکنی بنچ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی طرف سے ایس ایچ او رانا الیاس کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ پیش کی تو چیف جسٹس نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کوئی نہ کوئی وجہ تو ہے کہ ایس ایچ او رانا الیاس ابھی تک گرفتار نہیں ہوا۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے بتایا آر پی او کو عملہ تبدیل کرنے کی درخواست دے دی ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے ایس ایچ او رانا الیاس بیرون ملک فرار ہو گیا ہے جبکہ ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے اس لئے وہ بیرون ملک نہیں جا سکتا۔ حافظ مغیث اور منیب کے قتل میں ملوث ایس ایچ او صدر تھانہ سیالکوٹ رانا الیاس کوئٹہ کے راستے ایران فرار ہوا۔ ذرائع کے مطابق رانا الیاس حلیہ بدل کر پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوا۔ رانا الیاس نے اپنی مونچھیں اور سر منڈوا لیا تھا تاکہ اس کو پہچانا نہ جا سکے۔ اس بارے میں ڈی پی او سیالکوٹ بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے سابق ایس ایچ او سیالکوٹ رانا الیاس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے اس لئے ان کے بیرون ملک فرار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔