مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) مسجد الحرام میں آج دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان اسلام نے جمعة الوداع نہایت روح پرور اور ایمان افروز ماحول میں ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر مسجد الحرام کھچاکھچ بھری ہوئی تھی اور مسجد کے باہر بھی چاروں اطراف تاحدِ نگاہ بندگان خدا کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر نظر آرہا تھا۔ مسجد الحرام کے امام و خطیب فضیلة الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اپنے خطبہ میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انواع و اقسام کی عبادتیں اس لئے فرض کی ہیں تاکہ اللہ کے نیک بندے نعمتوں سے آراستہ جنت کی لذتوں سے لطف اٹھا سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہر اچھے اور برے عمل کا اجر جزا و سزا کی صورت میں مجسم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو اسکے تمام حقوق دینے اور تحفظ فراہم کیا اور وراثت میں اسکا حق بھی مقرر کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی نوجوان نسل کا خاص خیال رکھیں کیونکہ یہی نوجوان نسل مستقبل کی معمار ہے۔ امام کعبہ نے سربلندی اسلام، امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی، اتحاد بین المسلمین اور بیت المقدس سمیت دنیائے اسلام کے دیگر مقامات کی بازیابی کیلئے خصوصی دعا مانگی۔ امام و خطیب حرم نے خادم حرمین شریفین کی اتحاد بین المسلمین اور ضیوف الرحمن کی تواضع کے سلسلہ میں مخلصانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انکی عمر و صحت میں حقیقی خیروبرکت کی خصوصی دعا کرائیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبد اللہ بن عبدالعزیز آل سعود نے شاہی خاندان کے ہمراہ حرم مکی میں نماز جمعہ ادا کی جبکہ عالم اسلام کی دیگر اہم شخصیات نے بھی جمعة الوداع کی نماز مسجد الحرام میں ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی ہدایات پر پارکنگ، ٹریفک اور حفظان صحت کے قابل صد تحسین انتظامات کئے گئے تھے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38