نواز شریف ڈیل کے تحت باہر گئے اور نہ ہی ڈیل کے تحت واپس آ رہے ہیں،رانا ثناء اللہ

نواز شریف کی وطن واپسی،رانا ثناء اللہ نے ڈیل کی خبروں کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ڈیل کے تحت بیرون ملک گئے اور نہ ڈیل کے تحت واپس آ رہے ہیں،سابق وزیراعظم کو زبردستی ملک سے باہر دھکیلا گیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی درخواست پر نوازشریف وطن واپس آ رہے ہیں،پورے ملک سے لوگ لاہور پہنچیں گے۔ قائد مسلم لیگ ن اپنے خطاب میں قوم کو امید دلائیں گے،نوازشریف اپنے بیانیے اور پالیسی کی وضاحت کریں گے۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے قانونی ٹیم تیاری کر رہی ہے،سابق وزیراعظم بے گناہ ہے اور یقین ہے کہ انہیں ریلیف ملے گا۔ عوام قائد مسلم لیگ ن پر اعتماد کریں گے اور مینڈیٹ بھی دیں گے،نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے قوم کو با وقار بنایا،جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو پوری مسلم دنیا میں جشن منایا گیا۔ ہمارے دور میں ملک خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ سابق وزیر داخلہ کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نام نہاد نیٹ اینڈ کلین شخص فتنہ اور فساد ثابت ہوا،اگر فتنہ حکومت کو پارلیمنٹ سے باہر نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ کر چکے ہوتے۔
2018 کا تجربہ نہ کیا جاتا تو 2022ء تک سی پیک مکمل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے،اس وقت آزمودہ لیڈر کی دوبارہ ضرورت ہے۔ ملک و قوم کی فلاح و بہبود ہماری سیاست کا محور ہونا چاہیے۔ جنہوں نے ہمارے یا قائد کیخلاف اپنے اختیارات سے تجاوز کیا وہ نام نہیں بھولیں گے،فکر نہ کریں وقت آنے پر معاملات سیٹل ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2013 میں بھی سیکڑوں لاشیں اٹھائی جا رہی تھیں،کئی کئی گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی تاہم ہم نے قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد کیا اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی۔