سائفر کیس نہیں بنتا‘ سابق وزیراعظم کو ایک دن بھی جیل میں رکھنا زیادتی: لطیف کھوسہ
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ سائفر کیس بنتا ہی نہیں، سابق وزیراعظم کو ایک دن بھی جیل میںرکھنا زیادتی ہے۔ جس طرح بھٹو شہید کو ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول کے وقت ہنری کسنجر نے دھمکیاں دی تھیں اسی طرح عمران خان کو دھمکیاں دی گئیں۔ بھٹو شہید نے قوم کو اعتماد میں لیا کہ وہ مجھے ایٹم بم بنانے سے روکا جارہا ہے اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اور اسی طرح چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو بتلایا کہ امریکہ کی طرف سے ایمبسڈر عبدالمجید کو دھمکیاں دی گئی ہیںکہ اگر پاکستان کے وزیراعظم کو اقتدار سے الگ کردیا جائے تو امریکہ پاکستان کو معاف کردیگا۔ وزیراعظم کے حلف میںبڑا واضح ہے کہ وزیراعظم جو راز چاہے وہ قوم کیساتھ شیئر کرسکتا ہے اس پر قوم کو اعتماد میں لے سکتا ہے۔ بدقسمتی سے جب آئین پر عمل نہیںہوگا اور ریاست کو بے آئین کردیا جائیگا تب قباحتیں پیدا ہونگی۔ یہ الیکشن کروانے کے لائق نہیں اور نہ الیکشن موخر کرسکتے ہیں، یہ صرف الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف قانون دان چودھری عبدالجبار ایڈووکیٹ، چودھری احتشام الحق ایڈووکیٹ کے بھائی چودھری ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کی دعوت ولیمہ کی تقریب میںمیڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ نواز شریف پاکستان واپس نہیںآئیں گے‘ اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں نواز شریف کے پلیٹ لیس کم ہو جائیںگے۔ قوم سب کچھ جان چکی ہے پی ڈی ایم نے 16 مہینوں میںملک وقوم کیساتھ وہ کچھ کیا جو 75 سالوںمیں نہیں ہوا۔