قوم 6 ماہ سے بدترین مہنگائی برداشت کر رہی ہے:میاں علی بشیر
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما و سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں علی بشیر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم چھ ماہ سے بدترین مہنگائی برداشت کر رہی ہے اور مہنگائی کی شرح 11 سے 44 فیصد ہو گئی ہے ایک تہائی ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے مگر امپورٹڈ حکومت کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ بیرونی ممالک کے دوروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، اپنے ایک بیان میں میاں علی بشیر ایڈووکیٹ نے کہاکہ مہنگائی سے عوام کا برا حال ہے اور عوام بدحالی کا شکار ہیں، عوام بجلی کے مہنگے بل ادا کر کے بھوک کاٹ رہے ہیں مگر یہ امپورٹڈ حکومت عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے صوبائی حکومت مضبوط ہے پی ٹی آئی کا ہر رکن پنجاب اسمبلی وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑا ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے پوری منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور ان کو جعلی مقدمات میں پھنسا نے کی سازش ہورہی ہے تاہم انکے پیچھے پوری پاکستانی قوم کھڑی ہے اگر امپورٹڈ حکومت نے عمران خان پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت جلدہی کال دینے والے ہیں وہ جب کال دیں گے تو پوری قوم سڑکوں پر آئے گی۔